لاہور، اسلام آباد( این این آئی، آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرا دی۔ درخواست کے متن
میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو اپنی والدہ اور حمزہ شہباز کو اپنی دادی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا جائے۔ درخواست میںکہا گیا ہے کہ شہباز شریف قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور حمزہ شہباز قائد حزب اختلاف پنجاب ہیں اور ان سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے دو ہفتے کی پیرول کی درخواست کی گئی ہے۔درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔دریں اثناپاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کا تقاضا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری پیرول پر رہا کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ابھی تک پیرول پہ رہا کر دینا چاہئے تھا ۔والدہ کے انتقال سے بڑا دکھ
نہیں ہوتا، شہبازشریف اور ان کے اہل خانہ کی کیفیت کو سمجھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا شہبازشریف کا ٹرائیل شروع اور ریفرنس دائرے ہے ، ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملنے کے باوجود گرفتار ہیں۔