اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ میں سابق کیشیر ڈی سی آفس محمد کلیم بھٹی کی جرمانے کے بدلے سزا کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت،عدالت نے ملزم محمد کلیم کو ڈیڑھ کروڑ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ سزا کاٹنے کے باوجود جرمانہ ہر صورت ادا کرنا ہو گا،جرمانہ نہ ادا کرنے پر جو سزا کاٹی جاتی ہے وہ جرمانہ ادا نہ کرنے کے جرم میں ہوتی ہے،ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر نہیں رکھا۔
سپریم کورٹ اپنے فیصلے واضح کر چکی ہے کہ جرمانہ ہر صورت ادا کرنا ہوتا ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی دوران سماعت ملزم محمد کلیم بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ میں نے جرمانہ کے بدلے 2 سال قید کاٹی،ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آپ سزا کاٹ چکے اب جرمانہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔چیف جسٹس نے کہا ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں دیکھا ۔سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں وضاحت کر چکی ہے۔.