اسلام آباد ،لاہور( آن لائن )وزیراعظم عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ٹیلیفونک رابطے میں ہائیکورٹ کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلوانے کے عزم کا اعادہ کیا۔عمران خان نے کہا کہ قانون کے یکساں نفاذ پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔ نہتے شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو فرار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مقدمات میں فوری انصاف اولین ترجیح ہے۔جب کہ طاہر القادری نے کہا کہ قانون کی بالادستی کے لیے عمران خان کا وژن قابل تحسین ہے،انصاف کے حصول کی یقین دہانی پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔