نوشہرہ،پشاور (این این آئی)نوشہرہ میں کچہری چوک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ڈی پی او نوشہرہ ندیم بخاری کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 14 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 12 سی ایم ایچ ٗ 2 ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا شوکت یوسفزئی نے بتایا ہے
کہ خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر موجودہ حالات سے ہم آہنگ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نے 5 کلو بارودی مواد کے ساتھ اپنے مذموم مقصد کے لیے موٹر سائیکل استعمال کی۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نوشہرہ شہزاد ندیم بخاری کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔دریں اثناء گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے نوشہرہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیاہے۔ گورنرنے کہاہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں انتشارپھیلانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ گورنرنے دھماکے میں شہیدہونیوالوں کی درجات کی بلندی اورغمزدہ خاندانوں کویہ صدمہ صبروحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق کیلئے دعاکی ہے اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیاہے۔