واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکہ نے کہا ہے کہ پاک، افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں، انتہا پسندی سے متعلق خدشات سے پاکستان کو آگاہ کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کیا،ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں اور پاکستانی اور افغان حکومتوں کو اچھی معلوم ہے کہ سرحد کے دونوں کے اطراف موجود ان ٹھکانوں سے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں۔جان کربی نے کہا کہ امریکا افغانستان میں فوجی مشن جاری رکھے ہوئے ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے شہری دہشت گردی کا شکار ہیں اور پاکستان سمجھتا ہے کہ دہشت گردی خطے اور دنیا کے لیے کتنا بڑا خطرہ ہے اور امریکا نے پرتشدد انتہاپسندی سے متعلق تحفظات سے پاکستان کو آگاہ کردیا ہے تاہم پاکستان کو کسی دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کا حکم نہیں دے رہے۔جان کربی نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ماضی کو نہیں بلکہ مستقبل کو دیکھتا ہے اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ مضبوط اور گہرے تعلقات کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔