ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

اِدھر یا اُدھر

datetime 2  اگست‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکا میں 1783ءمیں انقلاب آیا‘ یہ انقلاب سول وار کہلاتا ہے‘ انقلاب کے بعد برطانوی راج ختم ہو گیا اور امریکا یونائیٹڈ سٹیٹس آف امریکا بن گیا‘ یہ اخلاقی لحاظ سے امریکا کا خوفناک ترین دور تھا‘ ملک کی 13 ریاستوں میں لاشیں پڑی تھیں‘ روزگار کے ذرائع ختم ہو چکے تھے‘ بیماریاں عام تھیںاور اوپر سے عوام بے راہ روی کا شکار ہو چکے تھے لیکن ملک کا سب سنگین مسئلہ شراب نوشی تھا‘معاشرہ شراب نوشی کی لت میں مبتلا ہوگیا تھا‘ امریکی شہری اوسطاً زیادہ شراب پینے لگے‘ یہ عادت معاشرتی بگاڑ میں تبدیل ہوئی اور ملک میں زنا بالجبر‘ چوری‘ ڈکیتی‘ ڈاکہ زنی اور رشوت ستانی میں اضافہ ہو گیا‘ خاندانی نظام بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا‘ دنگے فساد بھی شروع ہو گئے‘ لوگ اس دور میں اپنی آمدنی کا زیادہ تر حصہ شراب میں ضائع کر دیتے تھے‘ یہ حالات سو سال تک جاری رہے یہاں تک کہ ریاست کےلئے یہ صورتحال ناقابل برداشت ہو گئی‘ 1913ءمیں وڈرو ولسن امریکا کے صدر بنے‘ یہ شراب کے خلاف تھے چنانچہ انہوں نے 16 جنوری 1920ءکو امریکی آئین میں اٹھارہویں ترمیم کی اور پورے ملک میں شراب کی تیاری‘ خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی لگا دی‘ ادویات میں بھی اعشاریہ پانچ فیصد سے زائد الکوحل پر پابندی لگ گئی‘ امریکی قانون سازوں نے اس فیصلے کو ”نوبل ایکسپیریمنٹ“ یا نیک تجربے کا نام دیا‘ یہ پابندی خوش آئند تھی‘ امریکا کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا‘ جرائم میں بھی کمی ہو گئی اور خاندانی زندگی بھی بحال ہو گئی لیکن یہ سکھ بہت جلد عارضی ثابت ہوا‘ پابندی کے دو سال بعد ایک نئی صورتحال سامنے آئی‘ ملک میں شراب کی سمگلنگ اور غیر قانونی فروخت کا دھندہ شروع ہو گیا‘ پولیس نے کریک ڈاﺅن شروع کیا تو دیکھتے ہی دیکھتے انڈرورلڈ بن گئی‘ یہ انڈر ورلڈ گینگز میں بدلی اور گینگز مافیاز میں تبدیل ہو گئے‘ مافیاز نے کیوبا‘ کینیڈا‘ کولمبیا اور برازیل میں شراب کی بھٹیاں لگائیں اور شراب امریکا میں دھڑا دھڑ سمگل ہونے لگے‘ امریکی نیوی نے روکا تو مافیا نے نیول افسروں کو خرید لیا‘ پولیس نے چھاپے مارے تو پولیس آفیسرز کی منتھلیاں لگ گئیں‘ کسٹم ڈیپارٹمنٹ آگے بڑھا تو انہیں بھی خرید لیا گیا‘ جو اہلکار بکنے کےلئے تیار نہ ہوئے انہیں گولی ماردی گئی یا پھر بم سے اڑا دیا گیا‘ مافیا کسٹم‘ نیوی اور پولیس میں اپنے لوگ بھی بھرتی کرانے لگا‘ یہ لوگ آہستہ آہستہ اتنے مضبوط ہو گئے کہ یہ پولیس چیفس تک تبدیل کرا دیتے تھے‘ یہ ریاستوں کی اسمبلیوں کا حصہ بھی بن گئے اور یہ کانگریس اور وائیٹ ہاﺅس تک بھی پہنچ گئے‘ مافیاز نے امریکا میں ایک نیا اور خوفناک کلچر بھی متعارف کرا دیا‘ یہ کلچر ”بک جاﺅ یا مر جاﺅ“ تھا‘ انسان کو جان پیاری ہوتی ہے چنانچہ امریکا کی زیادہ تر بیوروکریسی اور سیاستدان مافیا کے ہاتھوں میں آگئے‘ یہ لوگ زیادہ منافع کمانے کےلئے کچی شراب بھی بیچنے لگے‘ لوگ یہ شراب پی کر مر جاتے تھے یا پھر بیمار ہو جاتے تھے یوں صحت کا سرکاری بجٹ بھی بڑھ گیا‘ پابندی کی وجہ سے شراب کی قیمت دس گناہ زیادہ تھی‘ لوگ افورڈ نہیں کر پاتے تھے چنانچہ یہ چوریاں کرتے تھے یا پھر دوسرے نشوں کی طرف چلے جاتے تھے‘ وہ نشے شراب کے مقابلے میں سو گنا خطرناک تھے‘ امریکا میں چرس‘ گانجا‘ مارفین‘ ہیروئن اور افیون اسی دور میں متعارف ہوئیں‘ ہیروئن برطانوی سائنس دان چارلس روملے ایلڈر نے 1874ءمیں ایجاد کی تھی لیکن23 سال بعد ایک جرمن سائنس دانFelix Hoffmann نے اسے مزید خوفناک بنا دیا‘ یہ شروع میں مارفین کا متبادل تھی لیکن یہ 1925ءمیں ڈرگ کے طور پراستعمال ہونے لگی‘ حکومت پابندی سے پہلے انڈسٹری سے اربوں ڈالر ٹیکس لیتی تھی‘ یہ ٹیکس بھی صفر ہو گیا‘ مافیاز نے شراب کی لین دین کےلئے اسلحہ اور خواتین کی سمگلنگ بھی شروع کر دی یوں امریکا میں طوائفوں اور ہتھیاروں کی منڈیاں بن گئیں‘ امریکا 1929ءمیں بدترین معاشی بحران کا شکار ہوا‘ یہ بحران ”دی گریٹ ڈیپریشن“ کہلاتا ہے‘ اس بحران کا شروع میں شراب کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا لیکن جب مالیاتی بحران کے شکار لوگوں نے ڈیپریشن میں گھر‘ زیورات اور مال مویشی بیچ کر شراب پینی شروع کر دی تو امریکا تقریباً خاتمے کے دروازے پر پہنچ گیا‘ حکومت صورتحال کی سنگینی سے آگاہ تھی‘یہ اپنا فیصلہ واپس لینا چاہتی تھی لیکن یہ تجزیہ کاروں‘ پادریوں اور سول سوسائٹی سے ڈرتی تھی‘ یہ خوف 1933ءتک جاری رہا یہاں تک کہ فرینکلن ڈی روز ویلٹ امریکا کے صدر بن گئے‘ وہ جرات مند انسان تھے‘ وہ مخالفت سے نہیں گھبراتے تھے لہٰذا انہوں نے پانچ دسمبر 1933ءکو آئین میں 21 ویں ترمیم کی اور امریکا میں شراب سے پابندی اٹھا لی۔
حکومت نے پابندی اٹھانے کے ساتھ ہی شرابیوں کےلئے قوانین سخت کر دیئے‘ نشے میں ڈرائیونگ کو ناقابل معافی جرم بنا دیا گیا‘ کام کے دوران شراب نوشی‘ دفتری اور سرکاری امور کے دوران نشہ اور نشے کے دوران فیصلوں پر پابندی لگا دی‘ آپ کو شاید یہ جان کر حیرت ہو گی امریکا میں شرابیوں پر سیاست‘ پولیس‘ فوج اور سول ایوی ایشن کے دروازے بند ہیں‘ سیاسی جماعتیں شرابی کو ٹکٹ اور ووٹر ووٹ نہیں دیتے‘ امریکا کے پچھلے دس صدر ”نان الکوحلک“ تھے‘ وائیٹ ہاﺅس میں صدر‘ نائب صدر‘ کابینہ کے ارکان‘ صدارتی عملے اور مہمانوں کو شراب پیش نہیں کی جاتی‘ امریکا کسی سرکاری مہمان کو سرکاری رقم سے شراب فراہم نہیں کرتا‘ امریکا کا کوئی استاد شراب پی کر کلاس میں نہیں جا سکتا‘ کوئی جج نشے میں فیصلہ نہیں سنا سکتا‘ کوئی بینکر چیک کلیئر نہیں کر سکتا اور کوئی سیکورٹی اہلکار سرکاری اسلحے کو ہاتھ نہیں لگا سکتا اور اگر کوئی یہ غلطی کر بیٹھے تو وہ عہدے سے بھی جاتا ہے‘ نوکری سے بھی فارغ ہوتا ہے اور اس کا ٹرائل بھی شروع ہو جاتا ہے‘ امریکا کے لوگ جانتے ہیں ہم میں سے جو شخص ترقی کی منازل طے کرنا چاہتا ہے اسے شراب‘ سگریٹ‘ زنا‘ جھوٹ اور رشوت چھوڑنی ہو گی‘ اسے ”مسٹر کلین“ ہونا پڑے گا اور وہ اگر دوران ذمہ داری کوئی غلطی کر بیٹھے گا تو وہ عبرت کی نشانی بن جائے گا‘ خواہ وہ صدر نکسن جیسا جینئس ہی کیوں نہ ہو یہاں پر امریکا کی بات ختم ہوگئی‘ ہم اب پاکستان کی طرف آتے ہیں۔
پاکستان میں اسلام بھی ہے‘ جمہوریت بھی اور مشرقی روایات بھی‘ ہم نے 1977ءمیں شراب پر پابندی بھی لگا دی‘ میں اس پابندی کا حامی ہوں‘ میں دل سے یہ سمجھتا ہوں اسلامی معاشرہ اور شراب دونوں اکٹھے نہیں چل سکتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کیا پابندی کے باوجود اس ملک میں شراب نہیں ملتی؟ اگر ہاں تو پھر یہ کہاں سے آ رہی ہے؟ لا کون رہے ہیں‘ بیچ کون رہے ہیں اور پی کون رہے ہیں؟ اور کیا ملک کا کوئی شہری یہ گواہی دے سکتا ہے ہمارے مقتدر ترین ادارے اور مقتدر ترین شخصیات اس حرام سے محفوظ ہیں؟حقائق تو یہ ہیں ہم جس ملک میں رہ رہے ہیں اس ملک کو سب سے زیادہ نقصان شرابیوں نے پہنچایا‘ سکندر مرزا کی شراب نوشی نے ملک میں پہلا مارشل لاءلگوا دیا تھا‘ یحییٰ خان کی شراب نوشی نے ملک توڑ دیا‘ بھٹو صاحب کے ”خون تو نہیں پیتا“ جیسے بیانات نے انہیں پھانسی پر چڑھا دیا اور جنرل پرویز مشرف کے مخمور ساتھیوں نے انہیں وہاں پہنچا دیا جہاں سے 60ہزار لوگوں کی لاشوں کی بو آ رہی ہے اور خود آج ان کی جائیدادیں ضبط ہو رہی ہیں‘ ہمارے شرابی پائلٹس ائیر پورٹوں پر پکڑے جاتے ہیں ‘ ہمارے جہازوں سے شراب کی بوتلیں نکلتی ہیں اور ہمارے نام نہاد ”وی آئی پیز“ جہاز کی سیڑھیوں سے نہیں اتر پاتے‘ آپ کسی دن سکولوں‘ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بارے میں سروے کرا لیں‘ آپ سرکاری افسروں‘ ججوں‘ ڈاکٹروں‘ پروفیسروں اور سیاستدانوں کے ڈوپ ٹیسٹ کرا لیں مجھے یقین ہے آپ کے ہاتھوں کے طوطے اڑ جائیں گے‘ یہ کیا ہے؟ یہ ہماری سماجی منافقت ہے‘ہم حقائق جانتے ہیں لیکن ہم میں اعتراف کی ہمت نہیں‘ ہمارے ملک میں پابندی کا مطلب مہنگائی ہے‘ ہم معاشرے میں جس چیز کو مہنگا کرنا چاہتے ہیں ہم اس پر پابندی لگا دیتے ہیں‘ہمارے ملک میں 1977 ءسے پہلے صرف شرابی تھے‘ ہم نے اب ان کے ساتھ ساتھ ملک میں لاکھوں ہیروئنچی‘ چرسی‘ افیونی اور بھنگی بھی پیدا کر دیئے‘ ہم نے تالیاں بجوانے اور واہ واہ کروانے کےلئے اپنی نسلیں برباد کر دیں‘ ہمیں بہرحال اس منافقت سے نکلنا ہو گا‘ ہمیں فرینکلن روزویلٹ بننا ہو گا یا پھر کنگ سعود بن عبدالعزیز‘ ہمیں ملک کو دوبئی‘ ملائیشیا‘ ترکی اور مصر بنانا ہوگا یا پھر سعودی عرب‘ وہ سعودی عرب جہاں منشیات فروشوں کے سر اتار دیئے جاتے ہیں اور نشئیوں کی چمڑیاں‘ ہمیں بہرحال حقائق کو فیس کرنا ہو گا اِدھر یا اُدھر‘ ہم بہرحال اس منافقت سے یہ معاشرہ چلا سکیں گے اور نہ ہی ملک۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…