یروشلم (آن لائن ) وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مبینہ دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل کی وزارت صحت نے سعودیہ کو کورونا وائرس کی ‘سبز’ لسٹ میں شامل کر لیا۔اس فہرست میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے واپس آنے والے افراد کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑتا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کو ایک روز قبل محفوظ ممالک والی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا، تاہم اس کا بینجمن نیتن یاہو کے دو روز قبل سعودی شہر نیوم کے مبینہ دورے سے تعلق ہونے کی نفی کی۔اسرائیلی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے سرکاری نشریاتی ادارے ‘کان’ کو بتایا کہ ‘یہ عمل بہت سادہ ہے جو ہر دو ہفتے بعد ایک بار ہوتا ہے’۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی فہرست میں سعودی عرب سرخ ممالک میں شامل تھا تاہم اب وہاں مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اس لیے اسے اب سبز ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کا کسی بھی ملک میں کسی کے بھی دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔