انقرہ/پیرس (مانیٹرنگ +این این آئی ) فرانسیسی طنزیہ جریدے شارلی ایبدو نے اپنے ٹائٹل پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا ایک خاکہ شائع کیا ہے، جس کے خلاف ترک حکومت نے شدید احتجاج کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر
ایردوآن کے ایک ترجمان نے شارلی ایبدو پر ثقافتی نسل پرستی کا الزام عائد کیا ۔ اس خاکے کی اشاعت سے گزشتہ ہفتے سے فرانسیسی صدر ماکروں اور ترک صدر ایردوآن کے مابین پایا جانے والا تنازعہ بھی شدید تر ہو گیا ہے۔ ترک صدر کے ترجمان کے مطابق اس خاکے کی اشاعت اس امر کا ثبوت ہے کہ صدر ماکروں کے مسلم مخالف ایجنڈے کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ بدھ کے روز شارلی ایبدو کے نئے شمارے کے ٹائٹل پر شائع کردہ اس خاکے میں صدر ایردوآن کو ایک ٹی شرٹ اور زیر جامے میں دکھایا گیا ہے اور انہوں نے ہاتھ میں بیئر کا کین پکڑا ہوا ہے۔ کارٹون میں ترکی کے صدر کو قابل اعتراض حالت میں دکھایا گیا ہے اور وہ خاتون کے ساتھ قابل اعتراض حرکت کر رہے ہیں، ترکی صدر کو ایک برقعہ پہنی خاتون کا جسم دیکھنے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے۔