واشنگٹن(این این آئی)امریکی عدالت نے سابق سعودی انٹیلی جنس ایجنٹ کی جانب سے دائر مقدمے میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔سابق سعودی انٹیلی جنس ایجنٹ کو مبینہ طور پر ناکام قاتلانہ حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کولمبیا کی ضلعی عدالت نے سعد الجبری کی جانب سے مقدمہ دائر کرنے کے ایک روز بعد محمد سلمان کو طلبی کا نوٹس جاری کیا۔عدالت کے طلبی کے نوٹسز میں محمد بن سلمان کے علاوہ 12 نام شامل ہیں اور ان میں کہا گیاکہ اگر آپ جواب دینے میں ناکام رہے تو آپ کے خلاف فیصلہ دے دیا جائے گا اور شکایت کنندہ کو اس کے مطالبے کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔مقدمے میں مزید کہا گیا کہ محمد بن سلمان نے سعد الجبری کے دو بچوں کو حراست میں لینے کے احکامات دیے، جو مارچ کے وسط میں ریاض میں اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئے، جبکہ ان کے دیگر رشتہ داروں کو بھی گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور یہ سب کچھ سعد الجبری کو سعودی عرب واپس لانے اور قتل کرنے کے ارادے سے کیا گیا۔