اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بل گیٹس نے کرونا وائرس کی ویکسین کے ساتھ لوگوں میں مائیکرو چِپ لگانے کے ’’سازشی نظریے‘ ‘کو مسترد کردیا ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کچھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا ذکر کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تھیوری اگرچہ کہ’’احمقانہ‘‘ ہے لیکن یہ نتائج کو تباہ کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے اور کرونا وائرس
کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ جس انداز میں یہ بات پھیلائی جارہی ہے،آپ اس کو مزاح آمیز قرار دے سکتے ہیں لیکن میرے خیال میں یہ کوئی مزاح کی چیز نہیں ہے، میرا کبھی مائیکرو چپ طرز کی کسی چیز سے کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔ اس کی تردید بھی مشکل ہے کیونکہ یہ ایک ایسی احمقانہ اور حیران کن چیز ہے کہ اگر اس کا اعادہ بھی کیا جاتا ہے تو یہ بظاہر اس کو ساکھ عطا کرنے والی بات ہے۔