اسلام آباد (این این آئی)سوشل میڈیا پر سعودی عرب میں پاکستانیوں کی میتوں کے حوالے سے افواہوں پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وضاحت کرتے ہوئے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر تاثر دیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی میتیں گھروں میں پڑی ہیںسوشل میڈیا پر جو تاثر دیا جا رہا ہے وہ بالکل غلط ہے۔ ایک بیان میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے
تمام معاملات سفارتخانے کے علم میں ہیں۔ سفیر راجہ علی اعجاز نے کہاکہ جہاں پر بھی کسی پاکستانی کی نعش ہے وہاں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ بروقت پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے،ہماری کوشش ہوتی ہے جلد از جلد نعشوں کو سردخانے منتقل کیا جائے۔سفیر راجہ علی اعجاز نے کہاکہ سعودی عرب میں ہسپتالوں کے اندر سردخانے بھرے پڑے ہیں،جیسے ہی کسی سردخانے میں گنجائش بنتی ہے وہاں میت کو پہنچایا جاتا ہے۔سفیر راجہ اعجاز علی نے کہاکہ اس تمام مرحلے میں تھوڑا وقت لگ جاتا ہے جس کے باعث کسی فرد پر الزام عائد نہیں کیا جا سکتا،2 جون اور 6 جون کو دو فلائٹس کے ذریعے 20،20 میتوں کو پاکستان منتقل کیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ ہماری کوشش ہے مزید فلائٹس کے ذریعے بھی میتوں کو سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا جائے،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پی آئی اے سے انکے مقرر کردہ ریٹس پر ٹکٹ خرید رہے ہیں،اگر کسی پاکستانی سے ٹکٹ کی مد میں زیادہ پیسے وصول کیے جا رہے ہیں تو سفارتخانے یا مجھ سے رابط کریں۔