واشنگٹن(این این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کے ذاتی معاون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والا ذاتی معاون گزشتہ دو ہفتوں سے ایوانکا کے آس پاس نہیں تھا بلکہ ٹیلیوفون پر رابطے میں تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ
ذاتی معاون میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، کورونا مثبت آنے کے بعد وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھر پر موجود ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایوانکا اور ان کے شوہر جیئرڈ کشنر کا گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا کے کئی عہدیداروں نے وائرس سے بچنے کے لیے خود کو گھروں میں قید رکھا ہوا ہے تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ایوانکا امریکی صدر کی خصوصی معاون کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتی ہیں۔اس سے قبل بھی آسٹریلیا کے سینئر سیاست دان پیٹر ڈوٹن ایوانکا ٹرمپ اور امریکی اٹارنی جنرل ولیم بر سے ملاقات کے بعد کرونا وائرس مبتلا ہوگئے تھے، جس کے بعد احتیاط کے پیش نظر ایوانکا نے بھی کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ منفی تھا۔