کابل(این این آئی)افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں کاربم دھماکے میں18 سیکیورٹی و انٹیلی جنس اہلکارہلاک ہوگئے تاہم صوبائی گورنرکے ترجمان نے پانچ اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔افغان میڈیا نے صوبائی گورنر کے ترجمان عمرزواک کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ شام بارود سے بھری ایک خودکش کار نے ضلع نہر سراج میں واقع افغان آرمی و انٹیلی جنس کے مرکز پر آکر دھماکیا جس کی زدمیں آکر پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے تاہم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ کے باعث
افغان نیشنل آرمی(اے این اے) اورنیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی(این ڈی ایس) کاسنٹر مکمل طورپر تباہ ہوگیا جس میں 18 سیکیورٹی و انٹیلی جنس اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے نے بھی دھماکہ میں بچ جانے والے ایک انٹیلی جنس آفیسرکے حوالے سے کہا ہے کہ اْس نے 18 لاشوں کو نکالاہے۔بتایاجاتا ہے کہ اس مرکز میں ڈیڑھ سو کے قریب اہلکار موجودتھے۔ ا دھر طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی کے مطابق طالبان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے درجنوں اہلکاروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔