نئی دہلی(این این آئی)اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے تعلق سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس کی روک تھام کے لیے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت میں سخت گیر ہندو تنظیمیں اور میڈیا کا ایک حلقہ کورونا وائرس کے نام پر مسلمانوں کو بدنام کرنے میں لگا ہے جس کے سبب مسلمانوں کے خلاف حملوں میں
اضافہ ہو رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت میں مقامی غیر سرکاری تنظیموں اور عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے والے اقوام متحدہ کی بھارتی مندوب رینتا لوک ڈیزلن نے موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کووڈانیس کے تعلق سے ایک خاص برادری کے لوگوں کو بدنام کرنے کے خلاف لڑنے اور مہاجر مزدوروں کے مسائل سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔بھارت میں اقوام متحدہ کی مندوب نے حکومت سے اس سلسلے میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد بھارتی حکومت نے اپنی ایک ایڈوائزری میں کورونا وائرس کو کسی ایک خاص کمیونٹی سے نہ جوڑنے کا بیان جاری کیا ۔ حکومت نے بیان میں کہا کہ اس طرح کے رویے سے لوگوں میں ایک دوسرے کے خلاف تعصب میں اضافہ ہوگا۔ اور اس سے آپس میں عداوتیں، بدنظمی اور سماجی انتشار میں اضافہ ہوسکتا ہے۔