کراچی(این این آئی)سندھ میں لاک ڈائون کے باعث آن لائن سائبر فنانشل کرائم میں اضافے سے کئی شہری کروڑوں روپے سے محروم ہوگئے۔لاک ڈائون کے وجہ سے بینکوں نے صارفین کیلئے آن لائن سہولیات بڑھائی ہیں مگر اس کا فائدہ فراڈیوں نے اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ایف آئی اے حکام کو اب تک آن لائن دھوکے بازی کی 100 سے زائد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کے مطابق فراڈیوں نے زیادہ تر خواتین اور کم پڑھے
لکھے افراد کو نشانہ بنایا۔ شہریوں کے اکائونٹس سے رقم منتقل کی یا آن لائن شاپنگ کی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عبدالغفارنے اس ضمن میں بتایاکہ ایک نجی بینک کی جانب سے بھی 50 سے زائد مشتبہ نمبرز فراہم کیے گئے ہیں اور لاک ڈائون کی وجہ سے کئی دفاتر بند ہونے پر تحقیقات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ آن لائن فراڈ میں ملوث افراد زیادہ تر فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں سے گروہ کی شکل میں آپریٹ کر رہے ہیں۔