واشنگٹن(این این آئی)سابق امریکی وزیر خارجہ اور امریکی پالیسیوں کے ماہر ھنری کسنجر نے خبردار کیا ہے کہ کرونا کی وبا عارضی نہیں بلکہ اس کے تباہ کن معاشی معاشرتی اثرات آنے والی نسلوں میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔
اپنے اثرات کی بناء پر کرونا کی وبا ایک نیا ورلڈ آرڈر ثابت ہوگی۔خیال رہے کہ ھنری کسنجر سابق امریکی صدور نکسن اور فورڈ کے دور میں امریکا کے وزیر خارجہ رہ چکے ہیں اور امریکی سیاست میں ان کی بات کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کرونا کے منفی اثرات کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا کربالخصوص امریکا اور بالعموم پوری دنیا کو بیدار کرنے کی کوشش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے خبر دار کیا کہ کرونا وائرس سے عمرانی معاہدوں کا شیرازہ بکھرتا دکھائی دے رہا ہے۔ کرونا کے بعد کی دنیا اس سے پہلے کی دنیا سے مختلف ہوگی اور میری نگاہ میں کرونا آنے والے دور میں ایک نیا ‘ورلڈ آرڈر’ ثابت ہوگا۔ امریکا اور پوری دنیا میں معاشی افراتفری پھیلنے اور بڑے پیمانے پرمعاشی تبدیلیوں کا بھی عندیہ دیا۔انہوں نے بحران سے نمٹنے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی شکل میں ایک نیا بین الاقوامی آرڈر تشکیل پا رہا ہے۔ انہوں نے کرونا کے نتیجے میں پوری دنیا میں آنے والی تبدیلیوں کے لیے تمام ممالک اور اقوام کو تیار رہنے پر زور دیا۔