دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہریوں کو متحدہ عرب امارات میں گھر سے نکلنے کے لئے ثبوت کے طور پر ہسپتال یا خریداری کی رسید پاس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر لگے ریڈار کے ذریعے گاڑیوں کے نمبر نوٹ کرکے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا لیکن گاڑیوں کے مالکان بل کی رسید دکھا کر جرمانہ معاف کرواسکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہناہے کہ پولیس بھی سڑک پر چیکنگ کرکے جرمانے کر سکتی ہے، انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ایسی صورت میں بھی جو لوگ اجازت لے کر نکلے ہیں وہ بھی ہسپتال یا خریداری کی رسیدیں اپنے پاس رکھیں اور پولیس کو دکھائیں تاکہ انہیں جرمانہ نہ ہو۔ دبئی میں پبلک بس سروس بھی مفت کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ ٹیکسیوں کے کرائے بھی پچاس فیصد کم کر دیے گئے ہیں، متحدہ عرب امارات کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ادارے کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے وہ پبلک بس سروس پر مفت سفر کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ دبئی میں میٹرو بند ہونے کی وجہ سے متاثرہ افراد کو مدد دینے کیلئے بس سروس کے روٹس میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق ہسپتالوں کو جانے والے روٹس کے علاوہ باقی تمام روٹس کی بسیں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک بند رہیں گی۔