ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے تجارتی اور سیاحتی مرکز دبئی کی حکومت نے تمام سرکاری اداروں کو ایک سرکلر کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا کی وبا کے خطرے کے پیش نظر دفاتر کے بجائے گھروں اور اپنی قیام گاہوں سے کام جاری رکھیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امارہ دبئی کی طرف سے جاری کردہ سرکلرمیں تمام حکومتی اداروں سے کہا گیا کہ وہ 29 مارچ تک ورکنگ سسٹم کو آن لائن کرنے کے 100 فی صد انتظامات مکمل کریں۔ یہ اقدام شہریوں کی کرونا وائرس سے بچائو کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔امارہ دبئی کی ایگزیکٹو کونسل نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ملازمین اور صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلیے ورکنگ سسٹم میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایک طرف کرونا وائرس سے شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنا اور دوسری طرف سرکاری اداروں کے کام اور معیار کو برقرار رکھنا ہے۔متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اتوار کی صبح تک پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو سروس اور دیگر سرکاری اور پبلک مقامات پر جراثیم کش اسپرے کرنے کا اعلان کیا ۔ اسپرے کے اوقات میں شہریوں کو ان مقامات میں داخلے سے سختی سے روکا گیا ۔