ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے کرونا سے بچائو کے لیے نئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے مساجد میں باہر سے پانی لانے اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء لانے پر پابندی عاید کردی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور الشیخ عبد اللطیف آل الشیخ نے ٹویٹر پرپوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں کہا کہ کرونا کی وباء سے بچنے کے لیے ہمیں ہنگامی اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
اس ضمن میں شہریوں پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ مساجد میں پانی اور کوئی دوسری کھانے پینے کی چیز نہ لائیں۔قبل ازیں سعودی وزیر مذہبی امور نے عارضی طور پر بہ جماعت نمازوں میں دو صفوں کے درمیان ایک صف کی مقدار برابر جگہ خالی چھوڑںے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کے علاوہ بڑی اور زیادہ رش والی مساجد کے بجائے قریبی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے پر زور دیا ہے۔