کھٹمنڈو(این این آئی) نیپال نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو بھی بند کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیپالی حکومت نے ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے اجازت ناموں کو 14 مارچ سے 30 اپریل تک معطل کردیا ہے، چین نے پہلے ہی اپنے علاقے سے ماؤنٹ ایورسٹ کو بند کررکھا ہے۔نیپالی وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بھی ماؤنٹ ایورسٹ کو 30 اپریل تک بند کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2020 کے سیزن کے لیے پہلے سے جاری کیے گئے اور
آئندہ جاری ہونے والے تمام اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ نیپالی حکومت نے سیاحوں کو ہدایت جاری کی کہ 14 مارچ سے ملک میں آنے والے سیاح 14 روز کا قرنطینہ اختیار کریں۔نیپال کے مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ نیپالی سیاحت کے شعبے میں ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی سے سالانہ 4 ملین ڈالرز کی آمدن ہوتی ہے۔ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے لیے جانے والی سیاحوں کو حکومت کی اجازت کے ساتھ 11 ہزار امریکی ڈالرز بھی ادا کرنا ہوتے ہیں جس میں ٹرانسپورٹیشن کمپنیوں کی فیس شامل نہیں ہوتی۔