ریاض(این این آئی )سعودی عرب نے داخلی گذرگاہوں پر صحت سے متعلق درست معلومات افشا نہ کرنے والے افراد کو پانچ لاکھ ریال تک جرمانہ عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی حکومت نے مہلک کرونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سیروکنے کے لیے حالیہ دنوں میں کئی ایک سخت اقدامات کیے ہیں۔صحت سے متعلق معلومات چھپانے والے افراد پر جرمانہ عاید کرنے کے اس اعلان سے چندے قبل ہی اس نے کرونا وائرس سے متاثرہ نو ممالک کے ساتھ سفری آمدورفت معطل کردی ہے۔
ان ممالک میں متحدہ عرب امارات ،کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ، مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس کے علاوہ اگرکسی شخص نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں ان ممالک کا سفر کیا ہے تو اس کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سعودی عرب نے ان مذکورہ نو ممالک کے ساتھ طیاروں کے علاوہ بحری جہازوں کی آمد ورفت بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔