ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں حکام نے کرونا وائرس کے چھ نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے جبکہ وزارت تعلیم نے اس مہلک وائرس سے درپیش خطرے کے پیش نظر آیندہ اتوار سے ملک بھر میں ایک ماہ کے لیے تمام اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے چھ نئے افراد میں دو کا تعلق روس ،
دو کا اٹلی ، ایک کا جرمنی اور ایک کا کولمبیا سے ہے۔ان کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد ستائیس ہوگئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے آیندہ اتوار سے ملک بھر میں تمام اسکولوں کو ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسکولوں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اب 15 مارچ کے بجائے 8 مارچ سے آغاز ہوگا اور یہ دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔اس کے بعد مزید دوہفتے تک اسکول بند رہیں گے مگر طلبہ و طالبات کی فاصلاتی نظام کے تحت تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔ان چھٹیوں کا 22 مارچ سے آغاز ہوگا اور یہ پانچ اپریل تک جاری رہیں گی۔فاصلاتی تدریس کا بدھ کو بعض منتخب سرکاری اسکولوں میں آزمائشی بنیاد پر تجربہ کیا جائے گا۔