تہران (این این آئی)ایران کی نائب صدر برائے خواتین اور عائلی امور معصومہ ابتکار کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق نائب صدر معصومہ ابتکار کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔وہ صدر حسن روحانی کی کابینہ کی پہلی خاتون رکن ہیں جو کرونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔قبل ازیں ایرانی پارلیمانی کی قومی سلامتی اور خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین مجتبیٰ ذوالنور نے ایک ویڈیو پیغام میں یہ کہا کہ
وہ بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ۔ایران کے دو اعلیٰ عہدے داروں ، پارلیمان کے رکن محمود صادقی اور نائب وزیر صحت ایرج حریرچی بھی اسی ہفتے اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ایران کے سرکاری میڈیا نے قبل ازیں قْم میں ایک عالم اور سابق سفیر ہادی خسرو شاہی کی کرونا وائرس سے موت کی اطلاع دی تھی۔ وہ 1979ء میں ایران میں انقلاب کے بعد ویٹی کن میں 1981 ء سے 1986 تک ایران کے سفیر رہے تھے۔