لندن(این این آئی)سستی پروازوں کے لیے شہرت رکھنے والی ایئرلائن رائن ایئر کے سربراہ مائیکل اولیری نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر تنہا سفر کرنے والے مسلمان مرد مسافروں کی پروفائلنگ کے حامی ہیں کیوں کہ عام طور پر دہشت گرد مسلمان مرد ہی ہوتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویومیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے انسداد کے لیے ہوائی اڈوں پر مسلمان مرد مسافروں کی پروفائلنگ کرتے ہوئے ان کی اضافی جانچ پڑتال کی جانا چاہیے۔ اس مطالبے کی وضاحت کرتے ہوئے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام طور پر دہشت گرد مسلمان ہی ہوتے ہیں اور انہی لوگوں سے خطرہ ہوتا ہے۔رائن ایئر کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ سفر کرنے والے مسلمان خاندانوں کی جانچ پڑتال میں زیادہ سختی نہیں کی جانا چاہیے۔ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل اولیری کے مطابق بمبار کون ہوتے ہیں؟ وہ عام طور پر تنہا سفر کرنے والے مرد ہوتے ہیں۔ اگر آپ اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہیں تو جائیے، کیوں کہ ان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے یہ خطرہ صفر ہے کہ آپ خود کو دھماکے سے اڑا لیں گے۔