نئی دلی(این این آئی)بھارت نے کشمیر مخالف پالیسیوں پر بھارت پر کڑی تنقید کرنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم کو نئی دلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کے بعد ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایسوسی ایٹڈ پریس نے لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم جو برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی کشمیر پارلیمانی گروپ کی سربراہ بھی ہیں
کے ایک ساتھی ہرپیت اپل کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈیبی کا نئی دلی ائیر پورٹ آمد پر بھارت کا ویزہ کینسل کردیاگیا۔ہرپیت نے بتایا کہ وہ اور ڈیبی پیر کی صبح نو بجے دبئی سے نئی دلی پہنچے تھے اور ائیر پورٹ پر کسٹمز حکام نے بغیر کسی وجہ کے انکا بھارت کا ویزہ جو اکتوبر 2020تک موثر تک کینسل کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیبی ابراہم2011سے برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ہیں جو دوروزہ دورے پر بھارت پہنچی تھیں۔ڈیبی ابراہم گزشتہ سال اگست میں بھارتی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی پر کڑی تنقید کی تھی اور بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تبدیلی کی منظوری دینے کے فورا بعد انہوں نے برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو مراسلہ بھیجا تھا جس میں بھارت کے اس اقدام کو کشمیری عوام کے اعتماد کا قتل قراردیاتھا۔