ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی پریزیڈینسی برائے اسٹیٹ سکیورٹی نے کہا ہے کہ الدمام میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا ۔سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو مطلوب جرائم پیشہ افراد ہلاک ہوگئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ادارے کے ترجمان نے سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کی تفصیل جاری کی اور بتایا کہ الدمام میں ایک کار سے پانچ کلو گرام شاہی دھماکاخیز مواد (آر ڈی ایکس) برآمد ہوا تھا۔ دنیا بھر میں اس کیمیکل آمیزے کو فوجی مقاصد کے لیے دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کارروائی میں مارے گئے دونوں جرائم پیشہ افراد اس کار کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔بیان میں ان دونوں مہلوک جرائم پیشہ افراد کی شناخت احمد عبداللہ سوید اور عبداللہ حسین النمر کے نام سے کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں مشتبہ افراد دھماکا خیز مواد سے لدی کار کو الدمام بھر میں چلاتے رہے تھے۔اس کے بعد وہ شہر کے علاقے العند میں ایک عمارت میں چھپ گئے تھے۔پولیس نے ان دونوں کو تلاش کر لیا تھا۔اس نے پہلے ان سے ہتھیار ڈالنے کا کہا تھا لیکن جب انھوں نے انکار کیا تو انھیں پھر ہلاک کردیا تھا۔سکیورٹی فورسز نے ان کے زیر استعمال کار سے ایک مشین گن ، دو پستول اور گولیاں بھی برآمد کی تھیں۔ پریزیڈینسی کے بیان کے مطابق ان کے ایک تیسرے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس سے اب تحقیقات کی جارہی ہے اور اس کی تکمیل تک اس کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔