تہران (این این آئی)ایران میں تیل قیمتوں میں اضافے اورمہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر تشددکا حکم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دیا تھا ۔اس حکم کی تصدیق خامنہ ای کے تین قریبی ذرائع اور ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کی ہے۔
برطانوی خبررسا ں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومتی ترجمان نے آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے جاری کسی قسم کے ایسے احکامات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا جبکہ اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے اس خبر پر بات کرنے کے لیے برطانوی خبررساں ادارے کی جانب سے دی گئی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا ۔واضح رہے کہ ایران میں نومبر سے جاری احتجاج کے دوران کم از کم 1500 افراد ہلاک ہو ئے ،ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای نے اعلی سکیورٹی اور سرکاری عہدیداران کو ہر ممکن طریقے سے احتجاج ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای نے اعلی سکیورٹی اور سرکاری عہدیداران کو ہر ممکن طریقے سے احتجاج ختم کرنے کا حکم دیا تھا،حکام اور سماجی کارکنوں کی جانب سے سامنے لائی گئی تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے حالیہ برسوں میں ہونے والے مظاہروں کے مقابلے اس احتجاج میں مہلک طاقت کا استعمال کیا۔