ٹوکیو ( آن لائن )جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے 71 سالہ اکیتوشی اوکاموٹو نامی شخص کو موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر میں 24 ہزار مرتبہ شکایتی کال کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔کمپنی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شخص تقریباً 2 سال سے
بار بار کال کرتا آرہا ہے۔جاپانی میڈیا کے مطابق 71 سالہ شخص نے ’کے ڈی ڈی آئی‘ موبائل کمپنی پر ان کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جاپانی شخص نے کمپنی پر الزام عائد کرتے ہوئے بیان دیا کہ ان کے موبائل فون میں ریڈیو نہیں چل رہا تھا۔ٹوکیو کی پولیس نے بتایا کہ جب بھی اکیتوشی اوکاموٹو کسٹمر سروس پر کال کرتے تھے تو وہ کسٹمر سروس کے عملے کی بے عزتی کرتے تھے اور ان سے مطالبہ کرتے تھے کہ کوئی نمائندہ ان سے ملے اور معافی مانگے۔کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شروع میں تو ہم نے کوئی کارروائی نہیں کی لیکن یہ معاملہ اس قدر سنگین ہوتا گیا کہ اکیتوشی کی لاتعداد کالز کی وجہ سے ہم دوسرے کسٹمرز سے بات نہیں کر پا رہے تھے۔جاپان پولیس نے 71 سال کے شخص کو کاروبار چلانے میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔دوسری جانب گرفتار شخص نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ کمپنی کو کال کر کے ہراساں نہیں کر رہے تھے بلکہ وہ اس تمام تر صورتحال میں مظلوم ہیں۔