ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی قائم کردہ یہودی بستیوں کے بارے میں امریکا کے نئے موقف کو ایک مرتبہ پھر مسترد کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں مملکت کے اس موقف کا اعادہ کیا ۔عرب وزرائے خارجہ نے امریکا کے یہودی بستیوں کے بارے میں نئے موقف سے
پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔شہزادہ فرحان نے کہا کہ فلسطینی ایشو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دل کے قریب ہے اور مملکت کی جانب سے فلسطینیوں کی ان کے حقوق کی بازیابی تک حمایت جاری رکھی جائے گی۔انھوں نے فلسطینی تنازع کے جامع حل کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ فلسطینی تنازع کا حل مشرقِ وسطیٰ میں جامع اور پائیدارامن کے قیام کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔