ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی پولیس نے ایک شہری کو حراست میں لے لیاہے جس پر اپنی بیٹی کے اسکول سے باہر آنے کے بعد اس پر تشدد کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی پولیس نے یہ کارروائی اس وقت کی جب سوشل میڈیا پرایک فوٹیج وائرل ہوئی۔ اس فوٹیج میں ایک شخص کو اسکول کے باہر اپنی بچی کی مار پیٹ کرتے دکھایا گیا ہے۔پولیس نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پربتایا کہ حکام نے اسکول کے باہر بچی کو تشدد کا
نشانہ بنانے والے اس کے والد کو حراست میں لے لیا ہے۔مکہ مکرمہ گورنری نے اس بات کی تصدیق کی کہ بچی کی مارپیٹ کرنے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ وزرات سماجی بہبود کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کے معاملے پر نظر رکھیں۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر بچی پر تشدد کے واقعے کے سامنے آنے کے بعد شہریوں نے تشدد کے مرتکب شخص کوگرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔