انقرہ(این این آئی)ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے کہا ہے کہ جرمنی اور نیدرلینڈز نے اپنے شہری داعش کے جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کو واپس لینے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔یہ ڈچ اور جرمن جنگجو اس وقت ترکی میں مختلف حراستی مرکز میں بند ہیں اور ترکی نے اسی ہفتے ان سمیت غیرملکی جنگجوؤں کو ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیجنے کا آغاز کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے جنوب مشرقی صوبہ
وان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اپنی ایک پالیسی ہے اور ہم اس پر کسی سمجھوتے کے بغیرعمل درآمد کررہے ہیں۔جو ہمارا ہاتھ بٹانا چاہتے ہیں تو بہت اچھا ہے لیکن جو ایسا نہیں کریں گے تو انھیں اس کے مضمرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ میں بالخصوص دو ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان میں ایک جرمنی اور ایک نیدرلینڈز ہے۔انھوں نے گذشتہ رات اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ اپنے شہری داعش کے دہشت گردوں، ان کی بیویوں اور بچوں کو واپس لے لیں گے۔