ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے بیرونی سرمایہ کاری، مختلف پیشوں سے وابستہ ماہرین اورہنرمند افرادی قوت کو راغب کرنے کی کوششوں کے تحت 73 غیر ملکیوں کو پریمیم (غیرمعمولی)اقامے جاری کردئیے ۔سعودی عرب نے آٹھ لاکھ ریال فیس کی یک مشت ادائیگی کی صورت میں غیر ملکیوں کو مستقل سکونت اور ایک لاکھ ریال سالانہ کے عوض قابل تجدیدپریمیم اقامت کی پیش کش کی تھی۔اس کے جواب میں سعودی حکومت کو ہزاروں غیرملکیوں کی
درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔پریمیم اقامہ مرکز نے بیان میں بتایا کہ پہلے بیچ میں 19 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو مستقل سکونت کے لیے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں انجنئیرز ، ڈاکٹر اور مال دار شخصیات شامل ہیں۔ پہلی کھیپ میں منفرد اقامہ حاصل کرنے والوں میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آئرلینڈ، چین، بھارت، بنگلہ دیش، پاکستان، اردن، شام، فلسطین، لبنان، عراق، یمن، مصر، تونس، لیبیا اور سوڈان کے شہری شامل ہیں۔