اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکی لیک، جمائما اور عمران خان ایک بہت بڑے ایجنڈے کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ مفتی کفایت اللہ نے وکی کو جمائمہ کا کزن بھی قرار دے دیا،
مفتی کفایت اللہ کے اس مضحکہ خیز دعوے پر وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ نے شدید ردعمل دیا، انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ”ان لوگوں کے لیے جو اردو نہیں بول سکتے، بظاہر میرا ایک کزن ہے جسے وکی کہتے ہیں، اس نے وکی لیکس کو ترتیب دیا، جو صیہونی آلہ ہے، جو عمران خان کے صہیونی ایجنڈے کی حمایت کرتا ہے۔ یہ سب ایک شخص کی طرف سے کہا گیا جو ایک نام نہاد اسلامی اسکالرہے، انہوں نے مزید لکھا کہ ”وکی کزن ہے جمائما کا“۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں جمائمہ نے مفتی کفایت اللہ کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا اور ہنسنے والے ایموجیز کا بھی استعمال کیا۔یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مفتی کفایت اللہ نے کہا تھاکہ میرا اندازہ ہے کہ وکی جمائمہ کا کزن ہے، اس حوالے سے میں تحقیق کرکے آپ کو جواب دوں گا، مفتی کفایت اللہ نے دوران پروگرام کہا کہ میں کہہ رہا ہوں کہ یہ سب ایک یہودی ایجنڈے کا حصہ ہیں اس کو تو مانیں۔جب ان سے سوال کیاگیا کہ وکی کون ہے تو انہوں نے کہا کہ ایک یہودی ہے جو لوگوں پر غلط الزامات لگاتا ہے، جب اینکر نے کہا کہ وکی لیکس کرنے والے بندے کا نام جولیان اسانج تھا، جس پر مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ مان لیا کہ وکی نام کا آدمی نہیں ہے لیکن کردار تو ہے، ان سے کہا گیا کہ وکی کوئی نہیں ہے لیکن وہ بضد رہے کہ کردار تو ہے نا!