برلن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے شمالی شام میں جاری ترک افواج کی کارروائیوں پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برلن حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں نے اس موضوع پر قریبی رابطے بحال رکھنے پر
اتفاق کیا۔ اس بات چیت کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ شمالی شام میں کرد جنگجو تنظیم وائی پی جی کے خلاف ترک فوج کی کارروائیوں پر جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جرمنی ترکی سے یہ آپریشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کر چکا ہے۔