ٹوکیو(این این آئی)جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نو افراد شیبا میں جبکہ ایک شخص فوکوشیما میں ہلاک ہو گیا۔ ملک کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی
منقطع ہو گئی اور کئی مقامات پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق عموماً ایک ماہ میں ہونے والی بارش گزشتہ روز صرف آدھے دن میں ہو گئی۔ جاپان میں ابھی دو ہفتے قبل ہی آنے والے ایک طاقت ور سمندری طوفان میں اسی سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔