ٹوکیو (این این آئی)جاپان کے وزیر تجارت ایسو سوگارا فروٹ اور ہرن تحائف میں دینے کے الزام میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے وزیر تجارت نے ٹوکیو میں مہنگے خربوزے، نارنجیاں، چھوٹی نسل کا ہرن اور شاہی جیلی جیسے مہنگے تحائف تقسیم کیے تھے جس کا انکشاف گزشتہ ہفتے ایک جاپانی جریدے میں کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ جریدے میں وزیر تجارت پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنے سیکریٹری کے ذریعے حلقے کی لوگوں کو 20 ہزار ین دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔جاپانی جریدے میں بتایا گیا کہ جاپانی انتخابی قانون کے مطابق کسی بھی
امیدوار کو ووٹ لینے کے لیے تحائف دینے کی اجازت نہیں ہے اور ایسا کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔جاپانی جریدے کے مطابق تمام تحائف وزیر تجارت ایسو سوگارا کے دفتر سے بھیجے گئے تھے جس کے ساتھ شکریہ کا خط بھی بھیجا گیا۔خیال رہے کہ جاپان میں خربوزوں کو شان کی علامت تصور کیا جاتا ہے، اور اسے بطور تحفہ دوستوں اور احباب کو پیش کیا جاتا ہے۔ادھر ایسو سوگارا نے موقف اختیار کیا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے لیکن پھر بھی اس کی تصدیق کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرچکا ہوں تاکہ پارلیمانی معاملات متاثر نہ ہوں۔