اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کیساتھ ثالثی کیلئے کسی کو بھی نہیں کہا۔ سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے ثالثی کی تردید کردی،سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا ہے، ’آرامکو تیل تنصیبات پر حملے میں ایران ملوث ہے۔ اس کے ساتھ کسی بھی سطح کے مذاکرات کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔لندن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کشیدگی کم کرنے کی ذمہ داری سعودی عرب پر نہیں بلکہ ایران پر
عائد ہوتی ہے جسے اپنے رویے میں تبدیلی اور عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ افہام وتفہیم کی فضا پیدا کرنے میں سنجیدہ ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کی طرف سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا سعودی عرب کی امداد کا پابند ہے۔