انقرہ(آن لائن)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ میں کبھی بھی الیکٹرانک (ای) سگریٹ کی کمپنی کو اجازت نہیں دوں گا کہ وہ اپنی مصنوعات ترکی میں فروخت کریں۔استنبول میں تمباکو نوشی کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ میں نے
وزیر تجارت کو حکم دیا ہے کہ ترکی میں الیکٹرانک سگریٹ کی اجازت نہیں دینی کیوں کہ اس زہر سے تمباکو کی کمپنیاں امیر ہوتی جارہیں تھیں۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2016 میں ترکی کی آبادی کے 27 فیصد 15 سالہ نوجوان سگریٹ پیتے تھے، جبکہ 2010 میں 31 فیصد نوجوان تمباکو نوشی کرتے تھے۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ متقی مسلمان کو شراب اور سگریٹ ناپسند ہے، انہوں نے ترک عوام پر زور دیا کہ سگریٹ نوشی اور شراب پینا چھوڑ دیں اور سگریٹ چھوڑ کر ہماری (Rize) چائے پئیں۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں آسٹریلیا، برازیل، بھارت اور جاپان نے الیکٹرونک سگریٹ پر پابندی لگا دی یا پھر اس کی مارکیٹ کو محدود کردیا ہے جبکہ امریکا نے ای سگریٹ کے مختلف برانڈز کو مارکیٹوں سے ہٹانے کا منصوبہ بنالیا ہے۔