نئی دہلی (این این آئی)بھارتی سیاستدانوں نے اپنے ہی آرمی چیف کے دعوے پر سوال اٹھا دیئے ۔کانگریس لیڈر اکلیش سنگھ نے کہا ہے کہ مودی سرکا ر کے سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے انتخابات میں ہی نظر آتے ہیں،لگتا ہے اب سرجیکل سٹرائیکس پر ہی راج نیتی چلے گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کانگریس لیڈر اکلیش سنگھ نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیکس ہمیشہ انتخابات سے پہلے ہی کیوں ہوتی ہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیکس کے دعوئوں کا ایک معمول بن گیا ہے ،لگتا ہے اب سرجیکل سٹرائیکس پر ہی راج نیتی چلے گی ۔انہوں نے کہا کہ
دیگر اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے آزاد کشمیر میں تین دہشتگرد کیمپ تباہ کر نے اوردس پاکستانی جوانوں کو شہید کرنے کا دعو ٰی کیا تھا ۔بھارتی آرمی چیف کے دعوے کو ڈی جی آئی ایس پی آ ر نے مسترد کر دیا تھا ۔پاکستان پی 5ممالک کے سفارت کاروں کو علاقے میں لے جانے کی دعوت دے چکا ہے ۔بھارت کو اپنے سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے کیلئے خود علاقے میں لے جانے کی پیشکش بھی کی جاچکی ہے ۔یاد رہے کہ بھارت میں ریاستی انتخابات کے سلسلے میں ہریانہ میں پولنگ ہونا ہے ۔