صنعاء( آن لائن )یمن میں مغربی ساحل پر موجود مشترکہ مزاحمتی فورسز نے الزام عائد کیا ہے کہ باغی حوثی ملیشیا نے الحدیدہ صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کی 34 خلاف ورزیوں اور یمنی شہریوں پر حملوں کا ارتکاب کیا۔مشترکہ فورسز کے عسکری میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ خلاف ورزیوں کا ارتکاب اقوام متحدہ کی کوششوں کو
کھلے طور پر چیلنج کرنا ہے۔ اقوام متحدہ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں رابطہ افسران کی تعیناتی اور فائر بندی کا جائزہ لینے کی دو پوزیشنوں کو یقینی بنانے کے عمل کی نگرانی کی۔مشترکہ فورسز نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ باغیوں کی ملیشیا نے الحدیدہ شہر کے علاوہ الدریہمی، الجاح، التحیتا اور حیس کے ضلعوں میں دیہات، بازاروں، کھیتوں اور راستوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران مارٹر گولوں اور نشانچیوں کا استعمال کیا گیا۔بیان میں عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے خلاف ورزیاں سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ کے مشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق الحدیدہ شہر میں حوثی ملیشیا کی جانب سے 3 خلاف ورزیوں اور حملوں کا پتہ چلایا گیا۔ مزید برآن الدریہمی ضلع میں 6 ، بیت الفقیہ ضلع میں 5 اور حیس ضلع میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے 9 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ان کے علاوہ التحیتا ضلع کے علاقے الفازہ اور ضلع کے مرکزی علاقے میں مجموعی طور پر 11 خلاف ورزیوں اور حملوں کا ارتکاب کیا گیا۔