کویت ( آن لائن )کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجاراللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کویت اور سعودی عرب مشترکہ علاقے (نیوٹرل زون) میں تیل کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔الجاراللہ کے یہ بیان کویت کے اخبارات القبس اور الرائے کی حالیہ رپورٹ کے بعد
سامنے آیا ہے۔ اخباری اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ اوپیک کے دو اہم رکن ممالک اپنے مشترکہ تیل کے کنوئوں سے تیل کے خراج پر متفق ہوگئے ہیں۔دو کویتی اخبارات القبس اور الرائے نے بے نامی ذرائع کے حوالے سے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی ہے۔دونوں اتحادی ممالک کے درمیان بعض سیاسی اختلافات کی بنا پر سعودی عرب اور کویت کے درمیان واقع غیر جانبدار سرحدی علاقے ( نیوٹرل زون) میں تیل کے دو کنووں اکخفجی اور الوفرہ سے تیل کی پیداوار بند کردی گئی تھی۔دونوں ملکوں کے حکام گذشتہ کئی ماہ سے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔نیوٹرل زون میں 1920 کے عشرے سے تیل دریافت ہوا تھا ۔ مذکورہ دونوں کنووں سے بندش سے تیل کی یومیہ پیداوار پانچ لاکھ بیرل حاصل ہورہی تھی لیکن دونوں ملکوں میں بعض اختلافات کی وجہ سے انھیں بند کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ان کنووں سے حاصل ہونے والی پیداوار سعودی عرب اور کویت میں مساوی تقسیم کی جاتی ہے۔کویتی اور سعودی حکام نے فوری طور پر نیوٹرل زون سے پیداوار دوبارہ شروع کرنے سے متعلق رپورٹس کی تصدیق نہیں کی ہے۔اخبار القبس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں ملکوں کے سرکاری حکام جمعرات کو مل بیٹھے تھے اور انھوں نے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔الرائے نے اس کو ایک تاریخی سمجھوتا قرار دیا ہے لیکن اس کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔