دبئی (این این آئی) لیبیا میں فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کی قومی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت طرابلس سے 200 کلو میٹر مشرق میں واقع شہر مصراتہ میں ترکی کی فضائی دفاعی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔لیبیا کی فوج کے سرکاری ترجمان احمد المسماری نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ فضائیہ کے طیاروں نے مصراتہ میں ترکی کے فضائی دفاعی ساز و سامان اور ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا، ان تنصیبات کو دہشت گرد ملیشیائیں اور جماعتیں استعمال میں لا رہی تھیں۔ ترجمان کے مطابق فضائی حملوں کے نتیجے میں زور دار دھماکے ہوئے اور ان ڈپوؤں
میں موجود میزائلوں اور گولہ بارود میں آگ لگ گئی۔عسکری ترجمان المسماری نے مسلح جماعتوں اور ملیشیاؤں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بیرون ملک سے کسی بھی قسم کا اسلحہ و بارود درآمد کر کے قومی مسلح افواج اور شہریوں کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔دوسری جانب قومی وفاق کی حکومت کی فورسز نے مصراتہ شہر پر فضائی بم باری کی تصدیق کرتے ہوئے لیبیا کی فوج کے ایک ڈرون طیارے کو مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم آخر الذکر نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ اس کے تمام طیارے بحفاظت اپنے اڈوں پر واپس پہنچ گئے۔