واشنگٹن(این این آئی) امریکہ نے پاکستان کی جانب سے کالعدم عسکریت پسند گروپ لشکر طیبہ کے 4 رہنماؤں کی گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ایسے اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔امریکا کی اسسٹنٹ سیکرٹری اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے کہا کہ ہم پاکستان کی جانب سے کالعدم لشکرِ طیبہ کے 4 رہنماؤں کی گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لشکر طیبہ کے ظالمانہ حملوں کا نشانہ بننے والے اب اِن افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی دیکھنے کے حقدار ہیں۔ علاوہ ازیں
ایک ٹوئٹ میں ایلس ویلز نے لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کا نام بھی ان افراد کی فہرست میں شامل کیا جنہیں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر امریکا سزا دینا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں ایلس ویلز نے حال ہی میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جیسا کہ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اپنے مستقبل کی خاطر اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی جانب سے استعمال ہونے سے روکنا چاہیے۔