واشنگٹن(این این آئی) امریکہ نے سعودی عرب کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اضافی 3 ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکہ نے سعودی عرب میں اضافی فوجی دستے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی افواج کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر ہونے والے میزائل حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق امریکہ کی جانب سے سعودی عرب میں دو اضافی فائٹر اسکواڈرن، ایک ائیر ونگ اور ائیر ڈیفنس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔امریکی
وزیر دفاع مارک ٹی ایسپر نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ مئی سے خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر امریکہ نے سعودی عرب میں اضافی 3 ہزار امریکی فوجیوں اور دو ٹرمینل ہائی الٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم (تھاڈ) بیٹریز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح سعودی عرب میں تعینات کیے جانے والے امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار کے قریب ہوجائے گی۔رائٹرز کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں امریکی فوجی دستوں کی سعودی عرب روانگی کا عمل شروع ہوجائے گا۔