چندیگڑھ(این این آئی) بھارتی ریاست ہریانہ میں ضلع حسار کے انتخابی حلقہ آدم پور میں منعقدہ ریلی کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی امیدوار سونالی پھوگٹ نے ریلی کے شرکاء کی طرف سے ”بھارت ماتا کی جے“کا نعرہ نہ لگانے پران سے کہا کہ کیا وہ پاکستانی ہیں؟کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریلی کا انعقاد آدم پور کے علاقے بلسامندمیں کیا گیا تھا۔ اپنے خطاب کے درران سونالی پھوگٹ نے جب لوگوں سے یہ نعرہ لگانے کے لیے کہااور وہ خاموش رہے تو سونالی پھوگٹ
پھٹ پڑی اورکہاکیا پاکستان سے آئے ہو، کیا پاکستانی ہو؟اگر ہندوستان سے آئے ہو تو بھارت ماتا کی جے بولو۔ انہوں نے اپنے دائیں جانب موجود لوگوں سے کہاکہ مجھے شرم آرہی ہے کہ تم جیسے لوگ بھارتی ہوجو بھارت ماتا کی جے کا نعرہ نہیں لگا سکتے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں سونالی پھوگٹ لوگوں سے کہتے ہوئے سنی جاسکتی ہے کہ جولوگ بھارت ماتا کی جے نہیں کہہ سکتے، ان کے ووٹ کی کوئی وقعت نہیں۔ نعرہ نہ لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔