نئی دہلی(این این آئی) راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہاہے کہ ہندوستان ہندو راشٹر ہے اور یہی حقیقت و سچ ہے جسے کوئی بھی بدل نہیں سکتا ہے۔ اسے ہم نے نہیں بنایا ہے، یہ تو ہمیشہ سے چلتا آیا ہے۔
جب تک یہاں ایک بھی ہندو ہے، یہ ہندو راشٹرہے اور یہی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی سب وقت و حالات کے حساب سے بدل سکتا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتہا پسند جنونیوں کی ہندو جماعت آر ایس ایس کے سربراہ نے ”دی آرایس ایس، روڈ میپ فار21سنچری“ نامی کتاب کی تقریب اجرا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موہن بھاگوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کتاب سماج کو آرایس ایس کے متعلق بتائے گی اور تبادلہ خیال کا بھی سبب بنے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ آرایس ایس کتاب سے بندھا ہوا نہیں ہے لیکن کتابیں سمت تودکھاتی ہیں لہذا کتاب پڑھیے۔آر ایس ایس کے سربراہ نے دعوی کیا کہ یہ کتاب ہمارے متعلق موجود غلط فہمی دور کرنے کا سبب بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیالات میں مستقل مزاجی آرایس ایس میں قابل قبول ہے۔موہن بھاگوت نے اپنے سیاسی عزائم کا کھلم کھلا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو ایک جنونی ہندو ملک میں تبدیل کرنے کی بات اس دن کی ہے کہ جب وہاں مہاتما گاندھی کا دن منایا جارہا ہے اور انہیں یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنے کے مختلف طریقے اپنائے جارہے ہیں۔