ریاض(آن لائن)سعودی عرب میں مقیم ایسے غیر مْلکیوں کو جلد ہی ایک بڑی خوش خبری ملنے کی اْمید پیدا ہو چکی ہے جنہوں نے سعودی خواتین سے شادی کر رکھی ہے مگر اْن کی اولادوں کو سعودی حکومت کی جانب سے سعودی شہری تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے غور و خوض جاری ہے۔ سعودی ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے غیر ملکی شوہروں سے شادی کرنے والی سعودی خواتین کی اولاد کو سعودی شہریت دینے کے قانون میں نظر ثانی کے مسودے کی منظوری
دے دی ہے۔مجلس شوری کی کمیٹی کے سربراہ جنرل علی المیمی نے بتاتیا ہے کہ مجلس شوری کی جانب سے غیر مْلکیوں سے شادی کرنے والی سعودی خواتین کی اولاد کو شہریت دینے کے قانون میں نظر ثانی کی سفارش منظور کر لی گئی ہے۔مجلس شوریٰ کے آئندہ اجلاس میں یہ نظر ثانی کا مسودہ پیش کیا جائے گا جس پر ارکان شوریٰ غور و خوض کے بعد اپنا فیصلہ سْنائیں گے۔ اگر ارکانِ شْوریٰ کی اکثریت نے اسے منظور کر لیا تو پھر اس کے بعد غیر مْلکی ولدیت رکھنے والے بچوں کو بھی سعودی شہریت سے نواز دیا جائے گا۔