دمشق(این این آئی)شام کے مرکزی بینک کے گورنر درید درغام نے لبنان کے بحران کے دور رس نتائج سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ شام کے مقامی میڈیا کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں متعدد بینکوں اور کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کا اندیشہ ہے۔درغام نے فیس بک پر اپنے سرکاری صفحے پر پوسٹ میں کہا کہ مذکورہ بحران سے لبنان کے بینکوں میں اپنی رقم جمع کرانے والے
شامیوں پر دبائو میں شدت آئے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ لبنانی لیرہ کی قیمت گرنے کے پس منظر میں اس بات کا امکان ہے کہ ڈپازٹ کرائی گئی رقوم نکال لی جائیں گی یا پھر ان کو منافع کی کم شرح پر برقرار رکھا جائے گا۔اس بحران کی پرچھائیاں ان شامیوں پر بھی پڑیں گی جنہوں نے اپنی رقوم کو لبنان میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں منجمد کرنے کو ترجیح دی یا پھر اپنی مصنوعات لبنان برآمد کرنے پر توجہ مرکوز کی۔