سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ہفتہ کو گاندر بل اور رام بن کے اضلاع میں 6 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں کو ضلع گاندر بل کے علاقے نارہ ناگ جبکہ دیگر تین کو جموں خطے میں ضلع رام بن کے علاقے بٹوٹ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔
قبل ازیں بٹوٹ میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہو گیا۔ آخری اطلاعات آنے تک ان علاقوں میں بھارتی فوجی کارروائیاں جاری تھیں۔ادھر سرینگر میں لوگوں نے گزشتہ رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستان کے وزیر اعظم عمر ان خان کے خطاب کے بعد بھر پور جشن منایا۔ عمران خان نے مسلسل محاصرے اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو بھر پور اور موثر انداز میں اجاگر کیا۔بھارتی فوجیوں کی بھاری تعیناتی کے باوجود عمرا ن خان کی تقریر ختم ہوتے ہی کئی مقامات پر لوگ گھروں سے باہر آئے اور پٹاخے چلائے اور خوشی سے رقص کیا۔ لوگوں نے پاکستان اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو مزید مظاہروں سے روکنے لیے ہفتہ کو سرینگر میں پابندیاں مزید سخت کر دیں۔مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی پابندیوں کے باعث ہفتہ کو مسلسل 55ویں روز بھی نظام زندگی مفلوج رہا اور دکانیں کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔مقبوضہ وادی کشمیراور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں موبائل فون،انٹرنیٹ سروسز اور ٹیلی ویژن نشریات مسلسل بند ہیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔ بھارتی قبضے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف ڈوڈہ،بھدرواہ اور کشتواڑ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔جموں شہر میں انڈو تبتین بارڈر پولیس کے ایک افسر نے اپنی سروس رائفل سے گولی مارکر خودکشی کرلی۔ اس واقعے سے جنوری 2007ء سے مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعدادبڑھ کر442ہوگئی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید عبداللہ گیلانی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی موثر انداز میں ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے آپ کو مظلوم کشمیریوں کا حقیقی سفیر ثابت کیا ہے۔ ادھر بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مارچ کرتے ہوئے
بھارت سے علاقے میں پابندیاں اور مواصلاتی نظام کی معطلی ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ اور انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے نئی دہلی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال افسوسناک ہے اوروادی کشمیر میں ایک بڑا بحران جنم لے رہا ہے جہاں غریبوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے۔ بھارتی نژاد امریکی رکن کانگریس پامیلاجیاپال اور دیگر 13 ارکان کانگریس نے ایک مشترکہ بیان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بنداور مواصلاتی ذرائع کی معطلی ختم کریں۔