دوحا(این این آئی)خلیجی ریاست سنہ 2022 کے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطری حکومت فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر غیر ملکی سیاحوں کو دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ شراب کی سہولت کی فراہمی کے لیے بھی تیار ہے۔ اس کے علاوہ ایک ملین سیاحوں کا ہدف پورا کرنے کے لیے مسافر بردار بحری جہازوں کے استعمال کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ قطر کی 2022 فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ دوحا چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ کے
دوران شائقین شراب تک آسانی سے رسائی حاصل کریں۔ زیادہ سے زیادہ سیاحوں اور زائرین کو قطر لانے کے لیے بحری جہازوں کا استعمال کیا جائے۔آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو ناصر الخطر نے بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر سے تعلق رکھنے والے شائقین کو ورلڈ کپ پر ملک میں داخلے کی اجازت دینے وعدہ کیا۔ ان چاروں ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے دوحا کا بائیکاٹ کر رکھا ہے جب کہ قطر ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔